کولکتہ ۔ 26 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ حکومت ہند نے انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے تعلق سے آنکھیں بند نہیں کرلی ہیں لیکن وقت کے ساتھ بین الاقوامی روابط رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوںنے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ داؤد ابراہیم کے بارے میں وہ صرف اتنا کہنا چاہیں گے کہ ہم نے آنکھیں بند نہیں کرلی ہیں ۔ واضح رہے کہ حال ہی میں حکومت کو داؤد ابراہیم کے ٹھکانے کے بارے میں تنازعہ پر پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایک مرکزی وزیر نے کہا تھا کہ داؤد ابراہیم کے ٹھکانے کا کوئی پتہ نہیں ہے۔ بعد ازاں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ انڈر ورلڈ ڈان پاکستان میں موجود ہے اور اسے ملک واپس لانے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔