ممبئی 3 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی پولیس نے آج انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کاسکر اور اس کے دو ساتھیوں کو جبری وصولی اور حملہ کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے ۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ یہ گرفتاری ایک رئیل اسٹیٹ ایجنٹ کی شکایت پر عمل میں آئی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب کل رات بائیکلا پولیس اسٹیشن میں سلیم شیخ نامی ایجنٹ کی جانب سے ایف آئی آر درج کروائی گئی تھی ۔ اس میں کہا گیا کہ اقبال اور اس کے ساتھیوں نے اس سے تین لاکھ روپئے طلب کئے تھے اور اسے زد وکوب بھی کیا تھا ۔ سلیم شیخ کے بموجب یہ واقعہ گذشتہ جمعہ کو پیش آیا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ یہ واقعہ مبینہ طور پر بھینڈی بازار علاقہ کی پکموڈیہ اسٹریٹ دامر والا بلڈنگ کے ایک کمرہ میں پیش آیا تھا۔ یہ مقدمہ بعد میں جے جے مارگ پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا گیا کیونکہ مبینہ جبری وصولی کا واقعہ اسی پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا تھا ۔ سینئر انسپکٹر جے جے مارگ پولیس اسٹیشن انیل مڈوی نے کہا کہ کاسکر اور اس کے دو ساتھیوں کے خلاف تعزیرات ہند کے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ رئیل اسٹیٹ ایجنٹ 48 سالہ سلیم شیخ بائیکلا علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے جو پہلے مقامی پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوا جہاں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد اسے جے جے مارگ پولیس کو منتقل کردیا گیا ۔ کاسکر کو 2003ء میں متحدہ عرب امارات سے ہندوستان منتقل کیا گیا تھا ۔ داؤد ابراہیم کے اس پانچویں بھائی پر قتل کے ایک مقدمہ اور ’سارا سہارا‘ کیس میں ملوث رہنے کا الزام عائد کیا گیا تھا ۔ تاہم عدالت نے 2007ء میں اسے دونوں مقدمات سے بری کردیا تھا ۔