داؤد ابراہیم پر راجناتھ سنگھ کا عنقریب بیان

نئی دہلی ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ داؤد ابراہیم سے متعلق پیدا شدہ الجھن کو دور کرنے کیلئے عنقریب بیان دیں گے۔ مفرور انڈرورلڈ ڈاؤن داؤد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی سے متعلق اطلاع کے بعد حکومت کو شدید تنقیدوں کا سامنا ہے۔ اس سلسلہ میں راجناتھ سنگھ پارلیمنٹ کے اندر وضاحتی بیان دیں گے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ میں پیر کے دن اس موضوع پر بات کروں گا۔ حکومت کو منگل کے دن اس وقت پیشماں ہونا پڑا تھا جب مملکتی وزیرداخلہ ہری بھائی پرتھی بھائی چودھری نے تحریری جواب میں کہا تھا کہ داؤد ابراہیم کے ٹھکانے کا حکومت کو علم نہیں ہے۔ ان کی حوالگی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی سے تعلقات میں منفی تبدیلی : حکومت
نئی دہلی۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا کہ ممبئی دہشت گرد حملے کے اہم ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی سے دونوں ملکوں ہندوستان اور پاکستان کے باہمی تعلقات میں شدید منفی تبدیلی آئی ہے۔ لکھوی کی رہائی پر ہندوستان نے پاکستان کو اپنے غصہ اور اعتراض سے واقف کروایا ہے اور اس سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سے پاکستان کے اس مضبوط عہد کی نفی ہوتی ہے کہ وہ دہشت گردی کو کچلنے کیلئے جامع جدوجہد کرے گا۔