نئی دہلی۔11مئی ( سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ میں اس بیان کے بعد کہ حکومت داؤد ابراہیم کے پتہ سے ناواقف ہے‘ تنقید کا شکار بنی ہوئی مرکزی حکومت نے آج کہا کہ ممبئی بم دھماکوں کا سازشی پاکستان میں ہے اور اُسے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کیلئے سب کچھ کیا جائے گا ۔ لوک سبھا میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ چاہے ہمیں پاکستان سے پیروی کرنا پڑا یا دباؤ ڈالنا پڑے ہم اُس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ داؤد ابراہیم کو واپس نہیں لایا جاتا ۔تاہم پاکستانی ہائی کمشنر برائے ہندوستان عبدالباسط نے کہا کہ داؤ ان کے ملک میں نہیں ہے ۔ وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان پر ہندوستان ہر سطح پر دباؤ برقرار رکھے گا ‘ تاکہ اس مسئلہ کی یکسوئی ہوجائے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان ان کا پتہ چلانے میں ناکام ہوچکا ہے ۔ حالانکہ اُسے ضرورت سے زیادہ ثبوت پاکستان میں موجودگی اور پتہ کے بارے میں قابل اعتبار معلومات فراہم کی گئی تھیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان داؤد کا پتہ چلانے میں ناکام ہوچکا ہے ۔راجناتھ سنگھ کا یہ بیان اپوزیشن کی تنقید کے بعد وزارت داخلہ کے ایک جواب کی شکل میں جو گذشتہ ہفتہ لوک سبھا میں کیا گیا تھا منظر عام پر آیا ہے ۔ انہوں نے تنقید سے گریز کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا موقف اُس وقت بھی یہی تھا جب کہ یو پی اے حکومت برسراقتدار تھی ۔ مئی 2013ء میں پارلیمنٹ میں اس نے اشارہ دیا تھا کہ وہ اپنے موقف پر نظرثانی کرے گی ۔ بیان میں راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ہندوستان کے پاس قابل اعتبار معلومات موجود ہیں کہ داؤد پاکستان میں ہے ‘ حالانکہ پڑوسی ملک کو کافی سے زیادہ دستاویزات ‘ ثبوت اور دیگر شہادتیں فراہم کی جاچکی ہے ‘ تاکہ اس کا پتہ چلایا جاسکے اور اسکے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے ‘تاہم پاکستان داؤد ابراہیم کی ملک میں موجودگی کی تصدیق کرتا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان کو داؤد ابراہیم کے پاکستانی پاسپورٹ اور اُن کے پاکستان میں مبینہ پتوں کی جو تبدیل کئے جاتے رہے ہیں تفصیلی معلومات فراہم کی تھی ‘ تاکہ حکومت پاکستان اس کا پتہ چلایا جاسکے ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ انٹرپول کی جانب سے ایک ریڈ کارنرنوٹس جاری کی جاچکی ہے ۔1996ء سے داؤد ابراہیم کے خلاف یہ نوٹس جاری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان بین الاقوامی دمہ داریاں رکھتاہے کہ داؤد ابراہیم کا پتہ چلایا اور اُسے ہندوستان کے حوالے کرے ۔ دریں اثناء پاکستانی ہائی کمشنر نے کہاکہ ہندوستان کو مطلوب دہشت گرد داؤد ابراہیم پاکستان میں نہیں ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر برائے ہندوستان عبدالباسط نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے لوک سبھا میں بیان کو بکواس قرار دیا اور کہا کہ اس کے بارے میں صرف اتنا کہنا ہے کہ وہ صاحب پاکستان میں نہیں ہیں۔ عبدالباسط سے راجناتھ سنگھ کے لوک سبھا میں بیان پر ردعمل طلب کیا گیا تھا ۔