داؤد، سعید اور لکھوی کے اثاثہ جات منجمد کرلیئے جائیں

نئی دہلی۔/26مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان بہت جلد پاکستان سے یہ اصرار کرے گا کہ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم ، انتہائی مطلوب عسکریت پسند حافظ سعید اور ذکی الرحمن لکھنوی کے اثاثہ جات کو ضبط کرلیا جائے جن کے نام اقوام متحدہ، سیکوریٹی کونسل کی ممنوعہ فہرست میں شامل ہیں۔ اقوام متحدہ سیکوریٹی کونسل کی القاعدہ اور طالبان تحدیدات کمیٹی نے داؤد ابراہیم کے ساتھ لشکر طیبہ کے بانی حافظ سعید اور ممبئی میں دہشت گردانہ حملہ کے اصل سازشی لکھوی پر امتناع عائد کردیا ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے رکن ملک کی حیثیت سے پاکستان کی یہ ذمہ داری ہے کہ ممنوعہ افراد کے اثاثہ جات منجمد کردے اور بہت جلد اس خصوص میں پاکستان سے درخواست کی جائے گی ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ مذکورہ 3دہشت گردوں کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی ۔ اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل نے 1999ء میں ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے تحدیداتی کمیٹی قائم کی تھی اور اس کمیٹی کی یہ ذمہ داری ہے کہ رکن ممالک تحدیداتی اقدامات اثاثہ جات متحد کرنا، سفر پر پابندی ، ہتھیاروں پر امتناع پر عمل آوری کی نگرانی کرے۔ اس خصوص میں نے کمیٹی اپنی فہرست میںالقاعدہ اور طالبان کو شامل کیا تھا۔ ہندوستان کا یہ استدلال ہے کہ 1993ء کے سلسلہ وار بم دھماکوں کا ملزم داؤد ابراہیم پاکستان میں روپوش ہے گو کہ اسلام آباد نے اس کی تردید کی ہے ۔ پاکستان میں بلا روک ٹوک حافظ سعید گھوم پھر رہے ہیں جبکہ لکھوی کو گزشتہ ماہ جیل سے رہا کردیا گیا اور وہ فی الحال ملک میں ہی قیام پذیر ہیں۔ مذکورہ 3افراد کے خلاف کارروائی کیلئے ہندوستان بہت جلد سفارتی چیانل کے ذریعہ پاکستان سے ربط قائم کرے گا۔