خیریت آباد اسمبلی حلقہ کو اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا وعدہ

کانگریس امیدوار ڈاکٹر ڈی شراون کا ویژن 2023کا اجراء، پریس کانفرنس سے خطاب

حیدرآباد۔/2ڈسمبر، ( سیاست نیوز) خیریت آباد کے کانگریس امیدوار ڈاکٹر ڈی شراون نے ویژن 2023 تاج آف تلنگانہ کے نام سے ایک ڈاکومنٹ جاری کرتے ہوئے خیریت آباد کو اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز فرنٹ کے امیدوار کی حیثیت سے مجوزہ انتخابات میں ان کی کامیابی پر وہ اس ویژن پر عمل کرتے ہوئے حلقہ کی ہمہ جہت ترقی اور عوام کی بہبود کے لئے کام کریں گے۔ ہر سال پروگریس رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جائے گی۔5 سال کے اندر خیریت آباد میں ایک بھی بیروزگار نوجوان نہیں رہے گا۔ بیروزگار نوجوانوں کو اِسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس کے ذریعہ مختلف ٹریڈ میں تربیت دی جائے گی۔ سلم بستیوں میں تعلیم، صحت اور خواتین کو خود مکتفی بنانے کے کام کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 12 موضوعات پر ٹاسک فورس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، ہر کمیٹی میں نوجوانوں اور سرکاری ملازمین، خواتین اور پیپلز فرنٹ میں شامل سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ یہ کمیٹیاں تعلیم، صحت اور سلم بستیوں کی صاف صفائی جیسے موضوعات پر ٹاسک فورس کمیٹیاں کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر اور مکانات کو باقاعدہ بنانے کے لئے بھی ایک ٹاسک فورس کمیٹی رہے گی۔ شراون نے ٹی آر ایس امیدوار ناگیندر پر شدیدبرہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اراضیات پر قبضہ اور غنڈہ گردی ہی ان کا کام ہے۔ انتخابات میں بے دریغ رقومات اور شراب تقسیم کررہے ہیں ۔