پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ اور شمالی علاقوںگلگت بلتستان کے عہدیداروںکا کہنا ہے کہ شدید بارشوں سے 15 افراد ہلاک اور دس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔وادی سوات سے موصولہ اطلاعات کے بموجب بارشوں کی وجہ سے مختلف مقامات پر زمین کھسکنے سے راستے بندہوگئے اورمتعدد مقامات پر مسافر پھنس گئے۔ضلع شانگلہ میں پولیس کے بموجب لیلونئی کے علاقے میںزمین کھسکنے سے ایک گھر مکمل طور تباہ ہوا جس میں تین افراد ہلاک اورپانچ زخمی ہوگئے۔ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ضلعی ہسپتال الپوری منتقل کیاگیا ہے۔عہدیداروںکے بموجب حالیہ شدید بارشو ں سے شانگلہ اور سوات میں تین تین، چلاس میں چار، دیر، چترال، چارسدہ، ملاقنداور کوہستان میں ایک ایک ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ دس افراد زخمی ہیں جنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیا ۔اس کے علاوہ شانگلہ میں شدید بارشوں سے مختلف مقامات پرزمین کھسکنے سے راستے بند ہوگئے ہیں اور برساتی نالوں میں طغیانی سے متعدد پن بجلی گھر تباہ ہوگئے ۔زمین کھسکنے کے باعث شاہراہ قراقرم ہربن نالا کے مقام پر بند ہوگئی ہے جس سے کئی مسافر گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔دریائے سوات میں اعلی ٰ سطحی سیلاب آنے کی وجہ سے سوات کے ضلعی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کیاہے ۔چترال میں تورکہو روڈ شوچ کے مقام پر زمین کھسکنے کی وجہ سے آمد ورفت بند ہوگیا ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات پیش آئیں ۔