سوات ۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی۔ذرائع کے مطابق لوئردیر، تیمرگرہ، سوات، بونیر، چترال سمیت مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 110 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز کوہ ہندوکش افغانستان کا علاقہ تھا۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگ کلمہ طیبہ کے ورد کرتے ہوئے مکانات سے نکل آئے، تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
نیو یارک حملے کی عالمی سطح پر مذمت
واشنگٹن۔ یکم نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی شہر نیو یارک میں تازہ دہشت گردانہ حملے کی عالمی سطح پر مذمت کا سلسلہ جا ری ہے۔ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے آٹھ افراد کی ہلاکت کا باعث بننے والے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اس موقع پر نیو یارک کے ساتھ کھڑا ہے۔ اسی طرح فرانسیسی صدر امانوئل میکرون نے بھی امریکہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر زور دیا۔ جرمنی اور اسپین سمیت کئی دیگر یورپی ممالک کے رہنماؤں نے بھی ہلاک یا زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔