خیانت بہت بڑا جرم ہے …!

بچو! اسلام کے نزدیک خیانت ایک بہت بڑا جرم ہے، خیانت میں جھوٹ، بے ایمانی، دھوکا، فریب اور دغا بازی جیسی ساری بُرائیاں شامل ہیں۔ سب سے پہلے خیانت کے معنی سمجھ لینے چاہئیں۔ ایک انسان کا جو حق دوسرے انسان پر ہو اسے ایمان داری سے ادا نہ کرنا، خیانت اور بددیانتی ہے۔

عام طور پر لوگ خیانت کا مطلب صرف یہ سمجھتے ہیں کہ اگر ایک چیز کسی نے دوسرے کو امانت کے طور پر دی ہو اور وہ اس چیز کو ہتھیا لے اور مانگنے پر نہ دے یا اس کو غلط طریقے پر استعمال کرلے تو یہ خیانت ہے۔ اس میں شک بھی نہیں کہ یہ کھلی خیانت ہے لیکن خیانت کے صرف یہی معنی نہیں۔ اور بھی کئی باتیں خیانت میں آجاتی ہیں۔ مثال کے طور پر کسی کی کوئی چھپی ہوئی بات کسی دوسرے کو معلوم ہو یا کسی نے دوسرے پر بھروسہ کرکے کوئی اپنا بھید اس کو بتایا ہو تو اس کا کسی اور پر ظاہر کرنا بھی خیانت ہے۔ اسی طرح جو کام کسی کو سونپا گیا ہو اس کو وہ ایمان داری کے ساتھ پورا نہ کرے تو یہ بھی بہت بڑی خیانت ہے۔چوری بھی ایک خیانت ہے۔ اس میں جھوٹ اور چوری، دھوکا اور فریب جیسی برائیاں شامل ہیں۔