خوشحال و پر سکون معاشرہ کیلئے جہیز کی لعنت کا خاتمہ ضروری : زاہد علی خاں

حیدرآباد مہیلا منڈل کے پوسٹر کی اجرائی ، نوجوانوں کو سماجی برائیوں سے دور رہنے ایڈیٹر سیاست کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : معاشرے سے جوڑے گھوڑے کی لعنت کا ختم کیا جانا ضروری ہے ۔ جہیز کی لعنت کے نتیجہ میں ہزاروں لڑکیاں گھروں میں بیٹھی ہوئی ہیں ۔ معاشرہ میں شادیوں کا سنت رسول ﷺ کے مطابق اہتمام کیا جائے تو نہ صرف خاندانوں بلکہ معاشرہ میں سکون ہوگا اور خوشحالی ہوگی ۔ اس اہم کام کے لیے غیر سرکاری تنظیموں کو آگے آنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے حیدرآباد مہیلا منڈل فیملی کونسلنگ سنٹر حسینی علم کی جانب سے تیار کردہ ایک فکر انگیز پوسٹر کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے کیا ۔ اس پوسٹر میں جہاں عوام پر جوڑے گھوڑے کا مطالبہ کرنے والوں کو جھڑک دینے کا مشورہ دیا گیا وہیں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شادی سے پہلے ہی لڑکی والوں سے جہیز گھوڑے جوڑے کی رقم وغیرہ کا مطالبہ کرتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ شادی کے بعد بھی جہیز کے نام پر لڑکی کو ہراساں و پریشان کرسکتا ہے ۔ پوسٹر کے ذریعہ گھریلو تشدد علاقائی بڑھتی شرح ، لڑکیوں و خواتین پر جنسی حملوں کے بڑھتے واقعات ، ناجائز تعلقات جیسی برائیوں سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ پوسٹر میں شراب نوشی اور گٹکھے کے تباہ کن اثرات سے بھی خبردار کیا گیا ۔ ساتھ ہی ہندوستانی تہذیب کے فروغ اور مغربی کلچر سے نئی نسل کو بچانے پر زور دیا گیا ۔ حیدرآباد مہیلا منڈل فیملی کونسلنگ سنٹر کی سینئیر کونسلنگ آفیسرس عشرت بیگم اور پروین بیگم ہیں ۔ پوسٹرس کی اجرائی کے موقع پر حیدرآباد مہیلا منڈل کی صدر محمدی بیگم لائٹ آف نالج اسکول شاہین نگر کی پرنسپل قدیر بیگم ، ایپل اسکول آف ایکسلینس کی پرنسپل عطیہ بیگم ، نیہا بیگم ، عطیہ بیگم ، ارکان مہیلا منڈل اور ویسٹرن انٹرنیشنل اسکول حسینی علم حیدرآباد کے پرنسپل محمد امام تحسین موجود تھے ۔ منڈل کے عہدیداروں نے جوڑے گھوڑے کا مطالبہ کرنے والوں کو گداگروں سے تعبیر کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو یہ عہد کرنا چاہئے کہ وہ جوڑے گھوڑے کی رقم اورجہیز کا مطالبہ نہیں کریں گے ۔