خورشید ۔کیری ملاقات ، دیویانی مسئلہ پرگفتگو

مونٹریاکس (سوئٹزرلینڈ) ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرامورخارجہ سلمان خورشید نے آج اپنے امریکی ہم منصب جان کیری سے ہندوستانی سفارتکار کی گرفتاری کے بارے میں تنازعہ کے بعد پہلی مرتبہ ملاقات کی جبکہ دونوں نے باہمی روابط کو آگے بڑھانے اور کلیدی مسائل پر قریبی شراکت داری کی طرف لوٹنے کا عہد کیا۔ کیری نے شام پر بین الاقوامی جنیوا ۔ II کانفرنس کے موقع پر یہاں خورشید سے ملاقات کی۔ یہ دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ دیویانی کھوبر گاڑے مسئلہ کے بعد اعلیٰ ترین سطح کی میٹنگ ہوئی۔ ہندوستان کی طرف سے امریکہ پر 39 سالہ دیویانی کی مفرور خادمہ سنگیتا رچرڈ کے فیملی ممبرس کو جاری کردہ غیرمجاز ویزوں پر اپنی تشویش سے واقف کرایا گیا۔

خورشید نے کیری کے ساتھ لگ بھگ نصف گھنٹے کی میٹنگ کے دوران دیویانی کا مسئلہ اٹھایا۔ خورشید اور کیری دونوں نے اس ضرورت کو تسلیم کیا کہ کوئی ایسا ادارہ جاتی انتظام ہونا چاہئے جو دونوں ملکوں کے سفارتکاروں کو مراعات اور استثنیٰ سے متعلق تمام دیرینہ مسائل کا جائزہ لے سکے تاکہ دیویانی جیسے مسائل کو بروقت حل کیا جاسکے۔ دیویانی کی گرفتاری کے بعد دونوں اقوام کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے ’انرجی ڈائیلاگ‘ منسوخ کردیئے گئے جو اس ماہ کے اوائل منعقد شدنی تھے۔ دیویانی پر ویزا دھوکہ دہی اور حقائق کی غلط نمائندگی کے الزامات ہیں۔ دیویانی نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔ خورشید اور کیری نے اسٹریٹ ڈپارٹمنٹ کے سینئر عہدیدار کے مطابق باہمی مسئلہ کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے مشترکہ عہد کا اظہار کیا اور ہند ۔ امریکہ تعلقات میں حالیہ تبدیلیوں کا جائزہ بھی لیا۔ وزارت امورخارجہ نے بتایا کہ خورشید اور کیری نے اتفاق کیا کہ باہمی رشتہ دونوں ملکوں کیلئے نہایت اہم ہے۔

ہندوستان بزنس کیلئے اچھا مقام، ماہرین کا تاثر
ڈاوس ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی ترقی پر بھروسہ کا اظہار کرتے ہوئے عالمی معاشی فورم (ڈبلیو ای ایف) میں جمع قائدین نے آج کہا کہ یہ ملک بدستور بزنس کیلئے اچھا مقام ہے اور اس کی بنیادیں کافی مضبوط ہیں۔ ہندوستان کے تعلق سے یہ مثبت تاثرات ’’دی انڈیا آوٹ لک‘‘ سیشن میں ظاہر کئے گئے جہاں وزیر فینانس پی چدمبرم بھی شریک تھے۔ بھارتی گروپ چیرمین سنیل متل بھی اس موقع پر موجود تھے۔