خود کش حملہ میں 10 پولیس اہلکار سمیت 22 افراد ہلاک

بغداد ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام) : عراق کے ایک صوبائی عہدیدار کے بیان کے مطابق شمالی بغداد کے تکریت میں ہوئے خود کش حملوں میں کم و بیش 22 افراد ہلاک ہوگئے ۔ عہدیدار کا تعلق صلاح الدین صوبائی کونسل سے بتایا گیا ہے ۔ اس نے مزید کہا کہ خود کش حملہ آور پیدل چل کر آئے تھے جہاں انہوں نے پولیس کی ایک گشتی ٹیم کو نشانہ بنایا اور بعد ازاں تکریت کے الظہور میں واقع ایک پولیس آفیسر کے مکان میں گھس گئے تاہم سیکوریٹی فورسیس نے تین افراد کو ہلاک کردیا جب کہ دو حملہ آوروں نے خود کو دھماکہ سے اڑالیا ۔ انہوں نے کہا کہ مہلوکین میں 10 پولیس اہلکار شامل ہیں جب کہ کل رات کیے گئے اس حملہ میں زخمیوں کی تعداد 31 بتائی گئی ہے ۔ اب تک کسی بھی فرد یا گروپ نے خود کش حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ تاہم یہ باور کیا جارہا ہے کہ ان حملوں میں دولت اسلامیہ ملوث ہے ۔