خود ساختہ گاؤ رکھشکوں کو پولیس کا انتباہ

عیدالاضحی و گنیش تہوار کیلئے وسیع انتظامات ‘ ڈی سی پی ساؤتھ زون کا اجلاس
حیدرآباد 7 اگسٹ (سیاست نیوز) آئندہ ماہ عیدالاضحی اور گنیش وسرجن کے پیش نظر ساؤتھ زون پولیس نے سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس موقع پر 4 ہزار سے زائد پولیس عملے کو متعین کیا جائے گا۔ پولیس نے خود ساختہ گاؤ رکھشکوں کو انتباہ دیا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر وہ کسی قسم کی شرپسندی نہ کریں اور نہ ہی قانون کو اپنے ہاتھ میں لیں۔ جبکہ گاؤکشی کی کسی بھی قسم کی شکایت کو راست پولیس سے رجوع کریں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے آج اپنے زون کے تمام پولیس عہدیداروں کا ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جس میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے دو اہم تہواروں کے دوران انتہائی چوکسی برتنے کی ہدایت دی ہے۔ ڈی سی پی نے اس اجلاس میں عہدیداروں کو یہ بتایا ہے کہ عیدالاضحی اور گنیش تہوار ایک ہی ہفتے میں منائے جائیں گے جس کے پیش نظر کئی احتیاطی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ اس اجلاس میں بھاگیہ نگر گنیش اُتسو سمیتی کے نمائندوں سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اُنھیں یہ واضح طور پر بتادیا گیا ہے کہ مرکزی گنیش جلوس پرانے شہر سے شام پانچ بجے تک گزر جانا چاہئے۔ جبکہ گزشتہ سال جلوس میں تاخیر کرتے ہوئے وسرجن جلوس کو شام 7.30 بجے پرانے شہر سے گزارا گیا تھا۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ جاریہ سال ساؤتھ زون میں 6 ہزار سے زائد گنیش مورتیاں بٹھائی جائیں گی۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے اُن افراد کو سختی سے انتباہ دیا ہے جو گنیش مورتیوں کی منتقلی کے لئے بڑی لاریوں کو جبراً کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے اپنے قبضے میں رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے اس سلسلہ میں بتایا کہ جبراً لاریاں رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما مسٹر محمد تاج الدین احمد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مسٹر بابو راؤ بھی موجود تھے۔