حیدرآباد۔/31جنوری، ( سیاست نیوز) اقلیتی طبقہ کیلئے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ خود روزگار اسکیم کی آخری تاریخ میں 15دن کااضافہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں کسی بھی لمحہ حکومت جی او جاری کرے گی۔ محکمہ سماجی بھلائی کے اعلیٰ عہدیداروں نے بتایا کہ خود روزگار اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں اضافہ کے سلسلہ میں مختلف طبقات کی جانب سے مسلسل نمائندگیاں وصول ہورہی ہیں۔ حکومت نے31جنوری آخری تاریخ مقرر کی تھی تاہم می سیوا مراکز پر آن لائن ویب سائٹ کے آغاز میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے آخری تاریخ میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ اقلیتوں کے مختلف عوامی نمائندوں نے بھی اس سلسلہ میں پرنسپال سکریٹری سماجی بھلائی ریمنڈ پیٹر سے نمائندگی کی۔
انہوں نے تیقن دیاتھا کہ حکومت تاریخ میں توسیع کا اعلان کرے گی کیونکہ اقلیتوں کے علاوہ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کی جانب سے اس سلسلہ میں نمائندگی کی گئی ہے۔ اسی دوران اقلیتی فینانس کارپوریشن میں تاحال 5501 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں سب سے زیادہ درخواستیں ضلع اننت پور سے داخل کی گئی ہیں۔ وہاں سے 1229 درخواستیں وصول ہوئیں جبکہ حیدرآباد سے ابھی تک 329 درخواستیں آن لائن داخل کی گئیں۔ حیدرآباد میں اقلیتی امیدواروں کی سہولت کیلئے فینانس کارپوریشن کے دفتر میں تحریری درخواستیں حاصل کرتے ہوئے عہدیدار انہیں آن لائن کررہے ہیں۔ اسی دوران حج ہاوز میں بعض درمیانی افراد کو اسکیم کے فارمس فروخت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ کارپوریشن کے عہدیداروں نے فوری انہیں اپنی تحویل میں لیا جس کے بعد وہ فرار ہوگئے۔ اس کے علاوہ سبسیڈی اور قرض کی منظوری کا لالچ دے کر کئی افراد درخواست گذاروں سے معاملات کرتے دیکھے گئے۔