خودکش کار بم حملہ میںایک خاتون اور ایک بچہ ہلاک

کابل ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک افغان عہدیدار کے مطابق ایک خودکش کار بم حملہ میں جو دراصل ناٹو کے ایک قافلہ کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا تھا، اس میں دو شہریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ واقعہ صوبہ لوگار میں رونما ہوا۔ اس موقع پر صوبہ کے پولیس سربراہ کے ترجمان شاہ پور احمد زئی نے بتایا کہ خودکش کار بم حملہ میں جن دو افراد کی موت ہوئی ہے وہ ایک خاتون اور ایک بچہ ہے جبکہ دیگر تین خواتین بھی زخمی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناٹو کے بکتربند دبابوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسری طرف طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس خودکش کار بم حملہ کی ذمہ داری قبول کی اور یہ بھی بتایا کہ پانچ فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ پولیس ترجمان نے فوجیوں کی ہلاکت کی تردید کی ہے۔