خودکشی کرنے والی انٹر طالبہ کے ارکان خاندان کو پرسہ

پچاس ہزار روپیوں کی امداد، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کا اظہار دُکھ

حیدرآباد ۔28اپریل ( سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج ضلع رنگاریڈی کے کوڈور منڈل میں خودکشی کرنے والی انٹر طالبہ جیوتی کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا ۔ ہنمنت راؤ نے اس غریب خاندان کو 50ہزار روپئے کی امداد حوالے کی ۔ طالبہ کے ولد انجیا اور والدہ انسویا سے ملاقات کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے تفصیلات حاصل کیں اور واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکامی کے نتیجہ میں 20سے زائد طلبہ نے خودکشی کرلی ۔ انٹر نتائج کے اعلان میں بے قاعدگیوں نے لاکھوں خاندانوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت کو طلبہ کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ اس دوران صدر تلگودیشم ایل رمنا ، کانگریس قائد پونم پربھاکر اور سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے قائدین نے آج حیدرآباد میں خودکشی کرنے والے طلبہ کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے انصاف دلانے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا تیقن دیا ۔ اپوزیشن قائدین نے حکومت کے رویہ کی مذمت کی ۔ قائدین نے کہا کہ جانچ کیلئے قائم کردہ تین رکنی کمیٹی نے بھی دھاندلیوں کی نشاندہی کی ۔ اس کے باوجود کے ٹی راما راؤ خاطیوں کی پشت پناہی کررہے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خانگی کمپنی سے کے ٹی آر کے قریبی روابط ہیں ۔ کُل جماعتی قائدین نے ایس آر نگر میں انٹر طالب علم ناگیندر کے پسماندگان سے ملاقات کی اور طالب علم کی خودکشی پر دکھ کا اظہار کیا ۔ والدین نے بتایا کہ نتیجہ سے دلبرداشتہ ہوکر ناگیندر نے خودکشی کی ۔ کُل جماعتی قائدین نے کل کے اجتماع کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی اور کہا کہ 10دن گذرنے کے باوجود حکومت کا رویہ بے حسی کا برقرار ہے ۔