درخواستوں کے ادخال میں تیزی ‘ تاریخ میں توسیع ‘ ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ (سیاست نیوز) خودروزگار اسکیم کے تحت اقلیتوںکو بینک سے مربوط قرض پر سبسیڈی کی اجرائی کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے شرائط میں نرمی کے بعد درخواستوں کے ادخال کی رفتار تیز ہوچکی ہے۔ حکومت نے شرائط میں نرمی کے علاوہ درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق سال 2014-15 ء کے تحت سبسیڈی کے حصول کیلئے تلنگانہ کے 10 اضلاع سے 10,000 سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ درخواستیں ضلع محبوب نگر سے داخل ہوئی ہیں جبکہ حیدرآباد دوسرے نمبر پر ہے۔ محبوب نگر سے 4124 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ حیدرآباد سے ابھی تک 1474 درخواستیں داخل کی گئیں۔ میدک سے 1391 ، عادل آباد 1054 ، نظام آباد 672 ، کریم نگر 363 ، ورنگل 198 ، کھمم 408 ، نلگنڈہ 534 اور رنگا ریڈی سے 598 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اس اسکیم کیلئے درخواستوں کی آخری تاریخ 15 اپریل مقرر کی گئی ہے۔ سبسیڈی کی فراہمی کیلئے بجٹ میں 82 کروڑ 40 لاکھ روپئے فراہم کئے گئے اور مقررہ آخری تاریخ تک توقع ہے کہ 20,000 سے زائد درخواستیں داخل ہوں گی۔ 13 مارچ سے آن لائین رجسٹریشن کا آغاز ہوا ہے۔ حکومت نے اسکیم سے استفادہ کیلئے عمر کی حد کو 40 سے بڑھاکر 55 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں احکامات جاری کردئے گئے ہیں۔ عمر کی حد میں اضافہ کا مقصد زیادہ سے زیادہ تعداد میں اقلیتی خاندانوں کو اسکیم سے استفادہ کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت بینک ٹرانسپورٹ سے مطابق کاروبار کیلئے تین لاکھ روپئے تک کا قرض منظور کرتا ہے جبکہ دیگر کاروبار کیلئے قرض کی حد 2.5 لاکھ ہے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن قرض کی 50 فیصد رقم بطور سبسیڈی جاری کرتا ہے اور سبسیڈی کی اعظم ترین حد ایک لاکھ روپئے ہے۔ 2013-14 ء کے منتخب امیدواروں کو سبسیڈی کی اجرائی کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور متعلقہ بینکوں سے ضروری معاہدات کی تکمیل کے بعد امیدواروں کے اکاؤنٹ میں سبسیڈی کی رقم منتقل کردی جائے گی۔ حکومت سبسیڈی سے متعلق اسکیم میں بجٹ کے مکمل خرچ نہ ہونے کی صورت میں اس کے استعمال کیلئے ایک اور اسکیم کا منصوبہ رکھتی ہے۔ غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو فینانس کارپوریشن سے 100 آٹو جاری کرنے کی تجویز ہے۔ اس اسکیم کی تفصیلات کو عہدیدار قطعیت دے رہے ہیں۔ تاہم اس پر عمل آوری کا انحصار بجٹ کی دستیابی پر رہے گا۔