خوبصورت کُشن کورخود تیار کریں

گھر کی سجاوٹ میں جہاں فرنیچر ‘ کلر اسکیم ‘ اور دیگر آرائشی چیزوں کی اہمیت ہے وہیں ان چھوٹی چھوٹی چیزوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے جن کے ذریعہ سجاوٹ کو گویا چار چاند لگ جاتے ہیں اور وہ خوبصورتی کے علاوہ ہمارے آرام کا باعث بھی ثابت ہوتی ہیں ۔ ان میں نرم اور ملائم اور دیدہ زیب کشن کورز سرفہرست ہیں ۔ عید کے موقعہ پر گھر کی صفائی ستھرائی اور سجاوٹ پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔ نئی بیڈشیٹس ‘ پردوں اور صوفہ کورز کے علاوہ نت نئے ڈیزائن کے کشن کورز کی خریداری کی جاتی ہے تاکہ آپ کا گھر ہمیشہ سے زیادہ خوبصورت نظر آسکے ۔ لیکن بہت سی خواتین گھر کی سجاوٹ میں استعمال ہونے والی اشیاء اپنے ہاتھوں سے تیار کرنا پسند کرتی ہیں ۔ اپنے ہاتھوں سے بنائی ہوئی چیزوں کا تو کہنا ہی کیا …. !

کیونکہ یہ نہ صرف نفیس و پائیدار ہوتی ہیں بلکہ آپ کے عمدہ ذوق کی عکاسی کرتی ہیں ۔ آپ بھی چاہیں تو گھر پر مختلف ڈیزائن کے بھی کشن کور رتیار کرسکتی ہیں ۔ اس طرح ورائٹی کے ساتھ ساتھ پیسوں کی بچت ہوگی اور آپ کی ہنرمندی کی تعریف جو ہوگی سو الگ ۔ کیونکہ آپ کے تیار کردہ کچھ کشن کورز ‘ ایمبرائیڈری سے آراستہ ہوں گے تو کچھ کو آپ لیسز اور فرل سے سجا سکتی ہیں ۔ بیچ ورک بھی کشن کورز پر خوب سجتا ہے ۔ رنگ برنگے دھاگوں سے کروشیا کے ذریعہ بھی کشن کور بنا جاسکتا ہے ۔ چند ایک کشن کورز پر ایپلک ورک بنالیں اور کچھ مخملیں کورز کو سلمی ستاروں سے جگمگا لیں ۔ لیجئے آپ کی سجاوٹ مکمل ہوگئی اور اس کو ایک منفرد انداز بھی مل گیا ۔