اسمبلی میں چیف منسٹر کے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن پر تلگودیشم فلور لیڈر ریونت ریڈی کا ریمارک
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم کے فلور لیڈر مسٹر ریونت ریڈی نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ پر خوبصورت جھوٹ بولتے ہوئے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ تلنگانہ کے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھانے کا الزام عائد کیا ۔ آندھرا کے کنٹراکٹرس کو تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس کی ذمہ داری سونپنے پر تلگو دیشم کی جانب سے چیف منسٹر کے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کا بائیکاٹ کرنے کا دعویٰ کیا ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے اسمبلی میں خوبصورت جھوٹ بولتے ہوئے تلنگانہ عوام کو گمراہ کرنے کے ساتھ ساتھ بے بس اور لاچار ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے ۔ مہاراشٹرا اور کرناٹک کی جانب سے دریائے کرشنا اور گوداوری پر 450 غیر قانونی بیاریجس تعمیر کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے انہیں روکنا ان کے بس کی بات نہیں ہے ۔ سپریم کورٹ اور سی ڈبلیو سی کی جانب سے روکنا نا ممکن ہونے کا اعلان کرتے ہوئے دونوں پڑوسی ریاستوں کی جانب سے تعمیر کردہ غیر قانونی بیاریجس کو اسمبلی کی جانب سے تسلیم کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔ اس پاور پریزنٹیشن کے بعد مہاراشٹرا اور کرناٹک کو دونوں دریاؤں پر مزید غیر قانونی بیاریجس تعمیر کرنے کی کھلی چھوٹ مل گئی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے خوبصورت جھوٹ بولتے ہوئے اس پر بھروسہ کرنے کی عوام کو تلقین کی ہے ۔ مہاراشٹرا اور کرناٹک کی غلطیوں کو بھول جانے اور انہیں معاف کردینے کا چیف منسٹر عوام کو مشورہ دے رہے ہیں ۔ بابلی پراجکٹ کی تعمیر کے خلاف سربراہ تلگو دیشم پارٹی اور تلگو دیشم کے ارکان اسمبلی نے احتجاج کیا تھا جنہیں مہاراشٹرا کی پولیس نے گرفتار کیا تھا اس وقت کے سی آر نے کہا تھا کہ تلنگانہ تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے چندرا بابو نائیڈو اور تلگو دیشم پارٹی ڈرامہ کررہی ہے ۔ تاخیر سے نیند سے بیدار ہونے والے کے سی آر 450 بیاریجس تعمیر ہوجانے کا اب دعویٰ کررہے ہیں ۔ جھوٹ بول کر اقتدار حاصل کرنے والے کے سی آر مزید خوبصورت جھوٹ بول کر دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں ۔۔