خواتین ہر شعبہ میں مساویانہ مسابقت کی اہل

وزیراعظم کے دائیں اور بائیں خاتون وزراء نظر آتی ہیں: سنگیتا ریڈی
حیدرآباد۔ 30 نومبر (پی ٹی آئی) خواتین میں مساویانہ مسابقتی صلاحیت پائی جاتی ہے اور انہیں بھرپور مظاہرہ کرنا چاہئے۔ جوائنٹ مینیجنگ ڈائریکٹر اپولو ہاسپٹل سنگیتا ریڈی نے آج انڈین اسکول آف بزنس میں پیانل مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس مباحثہ کا عنوان ’’گلوبل انٹرپرینرشپ سمٹ کے بعد:راہیں اور بھی ہیں‘‘ تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں دو اہم قلمدان دفاع اور اُمور خارجہ کی ذمہ داری خواتین نبھارہی ہیں۔ اس سے یہ پیام ملتا ہے کہ خواتین میں بھی غیرمعمولی صلاحیتیں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وزیراعظم اپنے دائیں اور بائیں جانب نظر ڈالتے ہیں تو انہیں وزیر دفاع اور وزیر خارجہ خواتین نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں صنعت کاروں کی ممکنہ حوصلہ افزائی کررہی ہیں ۔ تلنگانہ حکومت کے آئی ٹی سیکریٹری جیش رنجن نے کہا کہ غیررسمی معیشت میں خواتین کو کئی چیلنجس درپیش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صنعت میں اگر ناسازگار حالات پیش آئیں تو اس کا شکار خواتین ہوتی ہیں۔ انہیں بہ آسانی خدمات سے برطرف یا پھر معطل کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کام کی جگہوں پر خواتین کے تحفظ کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔ نیتی آیوگ کے مشیر انا رائے نے کہا کہ سرکاری تھنک ٹینک ، خاتون صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے فکی کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ اس پیانل مباحثہ کا اہتمام فکی ، انڈین اسکول آف بزنس، حکومت تلنگانہ اور نیتی آیوگ نے کیا تھا۔