خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا شاخسانہ

دو افراد بشمول طالب علم گرفتار ، پارک میں شی ٹیم کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /21 جون (سیاست نیوز) خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرنے اور انہیں ہراساں کرنے والے دو افراد بشمول ایک طالبعلم کو شی ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کی اطلاع پر شی ٹیم چاچا نہرو پارک واقع مانصاحب ٹینک پہونچی تھی جہاں پر ایک نوجوان پارک میں موجود لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کررہا تھا ۔ پولیس نے چھیڑ چھاڑ میں ملوث 29 سالہ شیخ عمران ساکن فرسٹ لانسر آصف نگر کو حراست میں لے کر اسے ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا جہاں پر اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ۔ اسی طرح اپنے قریبی رشتہ دار کی جانب سے مسلسل ہراسانی کا شکار انسٹی ٹیوٹ کی طالبہ نے شی ٹیم سے ایک شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ اس کا ایک قریبی رشتہ دار آئے دن اس سے چھیڑ چھاڑ کررہا ہے اور وہ اس کے انسٹی ٹیوٹ بھی پہونچ گیا اور اسے ہراساں کرنے لگا ۔ شی ٹیم نے طالبعلم جے کرشنا پرساد متوطن جنگاؤں کو حراست میں لے لیا اور اسے متعلقہ پولیس کے حوالے کردیا جہاں پر اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔