سیشن ججس کی تعیناتی ، حکومت تلنگانہ سے ججس و اسٹاف کی منظوری
حیدرآباد۔/3جولائی، ( سیاست نیوز) حکومت نے خواتین کے خلاف مظالم سے متعلق مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے 13خصوصی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ان عدالتوں پر سیشن ججس کو تعینات کیا جائے گا جو خواتین پر مظالم سے متعلق مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے ان کی عاجلانہ یکسوئی کریں گے۔ تلنگانہ حکومت نے ان خصوصی عدالتوں کیلئے ججس اور دیگر اسٹاف کی منظوری دی ہے۔ سکریٹری حکومت این شیوا شنکر نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے جس کے مطابق ہر ایک خصوصی عدالت میں ایک ڈسٹرکٹ جج کے علاوہ چیف اڈمنسٹریٹیو آفیسر، سپرنٹنڈنٹ، ٹرانسلیٹر اور سینئر اسسٹنٹ کے علاوہ جونیر اسسٹنٹ 5اور دیگر جائیدادوں کو منظوری دی گئی۔ اس طرح ایک خصوصی عدالت میں 31 جائیدادوں کو منظوری دی گئی۔ حکومت نے ان جائیدادوں کی پے آف اسکیل کی بھی جی او میں صراحت کردی ہے۔ وزارت داخلہ سے خواہش کی گئی کہ اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کرے۔ ان جائیدادوں کے تقررات کے ذریعہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں یہ خصوصی عدالتیں کارکرد ہوجائیں گی۔