خواتین کے خلاف جرائم کی شکایت حکومت دہلی کی جانب سے کمیشن آف انکوائری کا تقرر

نئی دہلی ۔ 27 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) حکومت دہلی نے پولیس کی جانب سے نظرانداز کئے گئے خواتین کی شکایت کی یکسوئی کیلئے کمیشن آف انکوائری کا تقرر کیا ہے اور کہا ہے کہ خواتین کے خلاف مجرمانہ کیسوں پر کارروائی کیلئے مروجہ قوانین میں ترمیم کیلئے سفارش پیش کی ہے ۔ ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ جج دنیش دیال کی زیرقیادت 3 رکنی کمیشن فبروری 2013ء سے خواتین کے خلاف تشدد ، جنسی ہراسانی ، چھیڑ چھاڑ اور قابل اعتراض تصویر کشی اور دیگر شکایات وصول کریگا ۔ دہلی ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ نے 19 جنوری کو مجریہ ایک اعلامیہ کے ذریعہ تحقیقات کمیشن نامزد کیا ہے ۔ واضح رہے کہ اروند کجروال حکومت نے گزشتہ سال 16 جولائی کو علاقہ آنند پربت میں ایک 19 سالہ لڑکی کا بہیمانہ قتل واقعہ پر اسمبلی کا ایک روزہ خصوصی اجلاس طلب کیا تھا جس میں کمیشن کے قیام کیلئے ایک قرارداد منظور کی گئی تھی ۔ کمیشن کی میعاد 2 سال کیلئے ہوگی اور حکومت کو ہر 3 ماہ میں ایک مرتبہ اپنی رپورٹ پیش کریگی ۔ کمیشن کو یہ اختیار ہوگا کہ فبروری 2013 ء سے خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات کی شکایتوں کو سماعت کرے جس کی سفارش پر قانون تعزیرات ہند (1860) اور ضابطہ فوجداری (1973)میں ترمیم کی جائے گی ۔