خواتین کے خلاف جرائم پر وزیراعظم راہول گاندھی کی تنقید کا نشانہ

گجرات کے بارے میں راہول گاندھی کا ٹوئیٹر پیغام ‘ کانگریس کی صدارت کی امیدواری پر پنجاب کی تائید

نئی دہلی،3دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)گجرات اسمبلی انتخابات کے پس منظر میں وزیراعظم نریندرمودی پر مسلسل زبانی حملہ کرتے ہوئے کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے آج الزام لگایاکہ گجرات کی بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت خواتین سے کیا گیا وعدہ نبھانے میں ناکام رہی ہے ۔وزیراعظم سے سوالات کی کڑی میں پانچواں سوال کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا،”گجرات میں بی جے پی کے 22سال کے دورحکومت میں ریاست کی خواتین تعلیم ،بہترغذا اور سیکورٹی سے محروم ہیں اور یہاں صرف استحصال ہورہا ہے ۔وہ آنگن واڑی کارکن ہوں ،آشا کارکن ہوں ان میں مایوسی پائی جارہی ہے ۔ریاستی حکومت گجرات کی بہنوں کے لئے محض کھوکھلے وعدے کررہی ہے اور اسے کبھی پورانہیں کریگی۔”کانگریس نائب صدرنے اس سے قبل کل گجرات میں تعلیم کی صورتحال پر سوال اٹھائے اور ریاست میں تعلیم کے حصول کو مہنگا بتاتے ہوئے کہا کہ تعلیم پر سرکاری خرچ کے معاملہ میں گجرات کا مقام 26واں ہے ۔نریندرمودی کو اسکی وجہ بتانی چاہئے ۔انھوں نے ‘نئے ہندستان’ کے تصور پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ جب گجرات کے طلبااسکول اورکالجوں کی بھاری فیس کے تلے دبے ہوئے ہیں تو نئے ہندستان کا خواب کیسے سچ ہوسکتاہے ۔

جوابی وار کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے الزام عائدکیا کہ راہول گاندھی کے سوالات سے کانگریس کا ’’ جاگیرداری تخیل‘‘جھلکتا ہے ۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کی گجرات میں قیادت سنبھالی ہے ۔ وہ قبل ازیں وزیراعظم پر الزام عائد کرچکے ہیں کہ وہ سرکاری اسکولس اور تعلیمی اداروں کی لاگت کی قیمت پر خانگی تعلیمی اداروں سے سمجھوتہ کرچکے ہیں اور فیس میں اضافہ کی ضرب طلبہ کو برداشت کرنی پڑرہی ہے ۔ قبل ازیں راہول گاندھی نے مودی سے سوال کیا تھا کہ سرکاری رقم اعلیٰ شرحوں پر برقی توانائی گجرات کی خانگی کمپنیوں سے خریداری پر ضائع کیوں کی جارہی ہے ۔ جوابی وار کرتے ہوئے نقوی نے الزام عائدکیا کہ جو لوگ برگر اور بیگن کا فرق نہیں جانتے وہ پیاز اور پیزا ‘ کیک اور کیلے کے درمیان فرق کیا سمجھیں گے ۔ کانگریس کے ترجمان سشمتا دیو نے بعدازاں بی جے پی اعلیٰ سطحی قائدین سے راہول گاندھی کے سوالوں کا جواب دینے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس انتخابات میں گجرات اور اس کے عوام بشمول خواتین ‘ نوجوانوں اور غرباء کی بھلائی کیلئے حصہ لے رہی ہے ۔ اُسے بی جے پی سے کوئی شخصی دشمنی نہیں ہے ۔ دریں اثناء چندی گڑھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے راہول گاندھی کے صدر کانگریس کے عہدہ کیلئے انتخابی پرچہ نامزدگی پر دستخط کئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے 2019ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی کے احیاء میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے ان کی مجوزہ ترقی پر راہول گاندھی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ نائب صدر کانگریس کے صدر کانگریس کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے پر بیحد خوش ہیں ۔ وہ راہول گاندھی کے اس وقت سے مداح ہیں جب کہ وہ نوجوان لڑکے تھے اور سیاست میں کسی اونچے مقام پر نہیں تھے ۔