سہارنپور4اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش خواتین کمیشن کی رکن ڈاکٹر پرینودا تومر نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم اور مظالم میں اضافہ تشویش کا باعث ہے اور اس کی روک تھام کے لئے مناسب اقدام ناگزیر ہیں۔سرکٹ ہاوس پر خواتین کے خلاف جرائم کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر تومر نے کہا کہ خواتین کا استحصال اور ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے حادثات مہذب سماج کے لئے ایک چیلنج بن چکے ہیں۔ سہارنپور کے بیہٹ میں ایک طالبہ کے ساتھ چھڑ چھاڑ کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس سپرنٹندنٹ دیہات ودیا ساگر مشرا کو ہدایت دی ہے کہ وہ چھیڑ چھاڑ کے ملزموں کوجلد گرفتار کریں۔انہوں نے کہا کہ طالبات اور خواتین کے ساتھ مظالم ڈھانے والے افراد کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے ۔