خواتین کے خلاف جرائم :سختی سے نمٹا جائے

وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا دہلی پولیس ہیڈ کوارٹرس کا دورہ

نئی دہلی 16 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج دہلی پولیس ہیڈ کوارٹرس کا پہلی مرتبہ دورہ کیا اور خواتین کے خلاف جرائم سے سختی سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے اعلی عہدیداروں کے ساتھ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ پولیس فورس کو عصری بنانے میں ہر ممکن مدد کا تیقن بھی دیا ۔ خواتنے کی سلامتی کے تعلق سے سوال پر کمشنر پولیس دہلی بھیم سائن بسی نے کہا کہ وزیر داخلہ نے اس سلسلہ میں دہلی پولیس کی کوششوں کی ستائش کی ہے اور پولیس فورس سے کہا کہ وہ جوش و جذبہ کے ساتھ اچھا کام جاری رکھیں۔ دہلی میں خواتین کی سلامتی کو بہتر بنانے پر دہلی پولیس کے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے خواتین کے خلاف جرائم سے سختی سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ راج ناتھ سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سینئر پولیس عہدیداروں کے ساتھ اس بات پر غور کیا کہ ہم فورس کو کس طرح عصری بناسکتے ہیں تاکہ لا اینڈ آرڈر کے مسائل سے قومی دارالحکومت میں نمٹا جاسکے ۔ راج ناتھ سنگھ معتمد داخلہ انیل گوسوامی کے ساتھ دہلی پولیس ہیڈ کوارٹر پہونچے ۔ علاوہ ازیں وزارت داخلہ کے دوسرے عہدیدار بھی ان کے ساتھ تھے ۔ وہ دوپہر میں وہاں پہونچے اور تقریبا دو گھنٹے تک رہے ۔ ہیڈکوارٹرس پر کمشنر پولیس نے ان کا خیر مقدم کیا اور انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا ۔ وزیر داخلہ نے سنٹرل پولیس کنٹرول روم کا دورہ کیا اور کمانڈ کنٹرول کو آرڈینیشن و کمیونیکیشن کا دورہ بھی کیا ۔