خواتین کے تنہا حج کرنے کا فیصلہ سعودی عرب کا ہے

وزیراعظم بلاوجہ اِس کا سہرا اپنے سر لے کر حامیوں کو گمراہ کررہے ہیں : کانگریس

نئی دہلی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر شکیل احمد نے آج کہا کہ سفر حج پر مسلم خواتین کواکیلے سفر کرنے کے متعلق ضابطہ تبدیل کرنے کا کام سعودی عرب حکومت نے کیا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کا ا س سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔مسٹر احمد نے کہا کہ مسٹر مودی نے اتوار کو ریڈیو پر نشر من کی بات پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ حج پر مسلم خواتین کو اکیلے بھیجنے کے لئے ضابطہ انہوں نے ہی تبدیل کیا ہے ۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ مسٹر مودی یہ سہرا لے کر اپنے حامیوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ ضابطہ تبدیل کرنے کا کام انہوں نے نہیں سعودی عرب حکومت نے کیا ہے ۔ مود ی حکومت کے آنے سے پہلے بھی ہندوستانی خواتین ملک سے باہر یا درون ملک اکیلے سفر کرنے کے لئے آزاد رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حج کے ضابطو ں پر عمل نہیں کیا جائے گا تو سعودی عرب سے انہیں سفر کا ویزا ہی نہیں دے گا۔مسٹر مودی نے من کی بات میں کہا تھا کہ اگر کوئی مسلم خاتون حج کے سفر کے لئے جانا چاہتی تھی تو وہ محرم یا اپنے مرد سرپرست کے بغیر نہیں جاسکتی تھی۔ دہائیوں سے مسلم خواتین کے ساتھ ناانصافی ہورہی تھی لیکن کوئی بحث ہی نہیں ہوئی تھی۔ یہاں تک کہ کئی اسلامی ملکوں میں بھی یہ ضابطہ نہیں ہے لیکن ہندوستان میں مسلم خواتین کو یہ حق حاصل نہیں تھا ۔ اس سلسلے میں ان کی حکومت نے ضروری قدم اٹھائے اور 70 سال سے جاری روایت کو ختم کر دیا۔ اب مسلم خواتین محرم کے بغیر حج کے لئے جاسکتی ہیں اور تقریباَ 1300خواتین محرم کے بغیر حج جانے کے لئے درخواست دے چکی ہیں۔ عام طور پر حج مسافروں کے لئے لاٹری کا نظم ہے لیکن انہوں نے اقلیتی امور کی وزارت سے اکیلی خواتین کو اس عمل سے باہر رکھنے کو کہا ہے اور انہیں خصوصی زمرہ میں رکھ کر ترجیح دینے کے لئے کہا ہے ۔