خواتین کے تحفظ کیلئے تلنگانہ حکومت کے خصوصی اقدامات : کویتا

حیدرآباد 8فبروری ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے نہ صرف خصوصی اقدامات کرے گی بلکہ خصوصی ترجیح دے گی ۔ آج یہاں جوبلی ہلز میں واقع مری چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ برائے فروغ انسانی وسائل میں ’’حیدرآباد یوتھ اسمبلی‘‘ کے منعقدہ سمینار کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں رکن پارلیمان نظام آباد تلنگانہ راشٹرا سمیتی شریمی کے کویتا نے مذکورہ اظہار خیال کیا اور بتایا کہ حکومت تلنگانہ تمام مقامات پر ( منڈل تا ضلع و ریاستی سطح پر) امن و ضبط کی برقراری پر اولین ترجیح دینے کی تمام عہدیداران پولیس کو خصوصی ہدایات دے رکھی ہے اور ان ہدایات کے مطابق ہر سطح پر پولیس عہدیدار موثر و مثبت اقدامات بھی کررہے ہیں۔ اس موقع پر خواتین میں تعلیمی بیداری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر تعلیمی میدان میں خواتین کو آگے بڑھائیں گے تو خود بخود ہی خواتین کے مختلف مسائل حل ہوسکیں گے ۔ علاوہ ازیں ہر ایک کیلئے بالخصوص خواتین کیلئے کے جی تا پی جی تعلیم کی فراہمی پر حکومت اپنی اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ انہوں نے خواتین کے تحفظ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرد اور عورت میں کوئی فرق نہ رہنے اور دونوں میں یکسانیت و برابری پیدا کرنے کیلئے ملک کے وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر چندر شیکھر راو اپنی بھر پور و ممکنہ کوشش کررہے ہیں۔ کویتا نے کہا کہ ملک میں غریب عوام کیلئے پینے کے پانی کی سہولت نہ رہنے دواخانوں میں مناسب طبی امداد بہم نہ پہونچنے کا اظہار کیا تاہم حکومت تلنگانہ ان غریب عوام کو بہتر و موثر طبی سہولتیں دواخانوں میں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔