اترپردیش کے مختلف مقامات پر شکایات درج ، پولیس کا بیان
فیروزآباد / آگرہ (یو پی) /3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) عوام میں خوف کا احساس بڑھتا جارہا ہے کیونکہ خواتین کی چوٹیاں پراسرار حالات میں کاٹے جانے کے واقعات کی مغربی اترپردیش کے مختلف مقامات سے اطلاع مل رہی ہے ، پولیس نے آج یہ بات کہی ۔ شیکوہاآباد کے سرکل آفیسر سنجے ورما نے کہا کہ فیروزآباد میں موضع امارہ کی ایک فیملی نے اپنی 15 سالہ بیٹی پنکی کے بارے میں رپورٹ درج کراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ رات اس کی چیخیں سن کر وہ جاگ گئے اور جب اس کے پاس پہونچے تو اس کی چوٹی کٹی پڑی تھی ۔ پولیس آفیسر نے بتایا کہ ریاستی ضلع کے علاقہ جسرانا میں 16 سالہ شیوانی کی ماں کا دعویٰ ہے کہ کل رات جب وہ کچھ کام میں مصروف تھی کے دروازہ پر دستک کی آواز آئی اور دفعتاً اس کی بیٹی کی چیخ سنائی دی ۔ جیسے ہی وہ گھر میں دوڑ پڑی اس نے دیکھا کہ شیوانی کی چوٹی کٹ چکی تھی ۔ سنجے ورما نے کہا کہ انہوں نے موضع امارہ کا دورہ کیا اور دیکھا کہ شکایت درست ہے لیکن اس بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے کہ لڑکی کی چوٹی اس طرح کٹ گئی ۔ اس معاملے کی انکوائری شروع کی جاچکی ہے اور عوام سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی گئی ہے ۔ آگرہ کے دیال باغ علاقہ اور ہاپور کے موضع بادھیرا کھرد میں بھی اسی طرح خواتین کی چوٹیاں کاٹے جانے کی شکایات درج کرائی گئی ہے ۔