خواتین کیلئے حکومت تلنگانہ سے کئی اسکیمات

ملک پیٹ و نامپلی میں خواتین میں چیکس کی تقسیم، محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔4جون (سیاست نیوز)ریاست تلنگانہ کی تیسری یوم تاسیس کے موقع پر حکومت کی جانب سے خواتین کیلئے اعلان کردہ نئی اسکیم ’’تنہا خواتین و ظیفہ‘‘ کے تحت خواتین میں چیکس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ نائب وزیر اعلی محمد محمود علی نے ملک پیٹ اور نامپلی کے علاقوں میںمنعقدہ تقریب میں چیکس کی اجرائی عمل میں لائی ۔ ملک پیٹ، میں 240 اورنامپلی 279 خواتین کو فی کس ایک ہزار روپئے کے چیکس عطا کئے گئے ۔ دوران خطاب نائب وزیر اعلی نے بتایا کہ تنہا خواتین جن کا کوئی سہارا نہیں ہوتا نہایت کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوتی ہیںاور انہیں اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے اپنے والدین و دیگر رشتہ داروں پرانحصارکرنا پڑتا ہے جس کو محسوس کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے ایسی خواتین کو راحت پہنچانے اور انہیں خود مکتفی بنانے کی غرض سے اس اسکیم کا آغاز کیا ہے جس کے تحت انہیں ہر ماہ ماہانہ 1000/- روپئے وظیفہ دیا جائے گا ۔ محمد محمود علی نے خواتین سے حکومت کی اس اسکیم سے استفادہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن خواتین نے اب تک اس اسکیم کیلئے اپنا نام درج نہیں کروایا ہو وہ متعلقہ تحصیلدار آفس میں اپنا نام درج کروا سکتے ہیں۔ نائب وزیر اعلی نے حکومت کی جانب سے خواتین کیلئے متعارف کی جانے والی اسکیمات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی نے خواتین کیلئے آسرا پنشن ، ڈبل بیڈروم فلیٹس ، تنہا خواتین وظیفہ ، کے سی آر کٹ وغیرہ جیسی اسکیمات متعارف کی ہیں جس سے ریاست بھر کی خواتین استفادہ کر رہی ہیں۔ اس تقریب میںرکن قانون ساز کونسل ، ایم ایس پربھاکر ، کے علاوہ کارپوریٹر موسی رام باغ‘ انچار ج اولڈ ملک پیٹ ڈویثرن سیایہ بھونیشواری‘ڈائرکٹر حیدرآباد زراعی مارکٹ کمیٹی راہل کمار‘ کارپوریٹر سعید آباد و دیگر عہدیداران موجود تھے۔