خواتین کیلئے تحفظات کے مطالبہ پر احتجاجی مظاہرہ

نئی دہلی ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں خواتین تحظفات کے بل کی منظوری کے مطالبہ پر آج مختلف تنظیموں کے کارکنوں نے جنتر منتر نئی دہلی میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور کہاکہ آزادی کے 69 سال بعد بھی خواتین کی تعداد آبادی میں 50 فیصد ہونے کے باوجود پارلیمنٹ میں صرف 11 فیصد نمائندگی دی جارہی ہے ۔ ڈائرکٹر سنٹر فار سوشیل ریسرچ نے کہا کہ قانون ساز اداروں میں خواتین کو خاطر خواہ نمائندگی دینے میں سیاسی عزائم کا فقدان پایا جاتا ہے ۔ اس موقع پر دہلی مہیلا کانگریس کی ترجمان شرمیشتا مکرجی نے این ڈی اے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لوک سبھا کے جاریہ اجلاس میں خواتین تحفظات بل پیش کرکے منظوری کی کوشش کرے ۔ چونکہ راجیہ سبھا میں یہ بل منظور کرلیا گیا ہے اگر یہ بل لوک سبھا میں پیش کیا گیا تو یقینا کانگریس بھی تائید کرے گی ۔ سی پی ایم کے ارکان پارلیمنٹ ایم بی راجیش اور پی کے شریمتی نے بھی ریزرویشن بل کی تائید کا اعلان کیا ۔