خواتین کو ٹرانسپورٹ شعبہ سے وابستہ کرنے مہم

دیہی خاتون نے ڈرائیونگ سیکھ کر ملازمت اختیار کرلی : فکی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ہنر ہے تو قدر ہے کے نعرہ سے خواتین کو بااختیار بنانے کی مہم کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ خواتین کو ہر شعبہ میں ترقی دینے انہیں ہنر مند بنانے کے لیے FICCI کی جانب سے شروع کردہ مہم کا حیدرآباد میں زبردست ردعمل ظاہر ہورہا ہے ۔ فکی آرگنائزیشن کے ذمہ داروں نے آج اس مہم کی اپنی پہلی پہچان کو پیش کیا ۔ خواتین کو ٹرانسپورٹ سے جوڑنے والی اس مہم میں دیہی علاقہ کی خاتون نے ڈرائیونگ سیکھتے ہوئے ماروتی شوروم میں ملازمت اختیار کی ۔ دیہی علاقہ کی اس خاتون کو ہنر مند بناتے ہوئے فکی آرگنائزیشن نے کہا کہ اب انہیں شہری علاقوں بالخصوص پرانے شہر سے بہترین ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ فکی کی چیرپرسن ریکھا لاہوٹھی نے بتایا کہ 400 خواتین کو ٹرانسپورٹ شعبہ سے جوڑنا انکا مقصد ہے تاکہ خواتین خود مکتفی بنیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک 40 خواتین زیر تربیت ہیں جن میں ناگا دیواتا نامی لوت کنڈالوال علاقہ کی ایک خاتون کو ماروتی کمپنی نے بہ حیثیت ٹرینر ملازمت کا موقع دیا ہے ۔ اب جب کہ ہر شعبہ میں خواتین کی خدمات پر توجہ دی جارہی ہے ۔ ایسے وقت خواتین اگر تیار نہیں رہتی ہیں تو انہیں کسی بھی موقع سے استفادہ کا موقع نہیں ملے گا ۔ محترمہ ریکھا لاہوٹھی نے بتایا کہ 18 تا 35 سال عمر والی خواتین ہی کو موقع دیا جارہا ہے ۔ اس مہم میں تربیت لائسنس اور صلاحیت کو پروان چڑھانے کے ہنر کے علاوہ ملازمت کا بھی موقع فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ FICCI نے ڈرائیونگ کے بعد سیکوریٹی اور ہاوز کیپنگ کی تربیت کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس موقع پر محترمہ سنگیتا ، محترمہ رشمی ، محترمہ سوری ، محترمہ جے شری ، محترمہ سولیکھا ، محترمہ سورنا لتا و دیگر موجود تھے ۔۔