ممبئی۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت مہاراشٹرا نے فیکٹریز ایکٹ 1948ء میں ضروری تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے تاکہ خواتین کو نائیٹ شفٹ میں کام کرنے کی اجازت دی جاسکے۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس کی زیرصدارت آج کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس قانون کی دفعہ 66(1)(c) کے تحت خواتین کو 7 بجے شب سے 6 بجے صبح تک کام کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ حکومت نے اسے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ کو نائیٹ شفٹ میں خواتین کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔ کابینہ نے فیکٹریز ایکٹ 1948 میں بعض ایسی تبدیلیوں کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں 14,300 فیکٹریز ’’انسپکٹر راج‘‘ سے آزاد ہوں گی۔ کابینہ نے ضلع جلگاؤں میں مکتانی نگر علاقہ میں اقلیتوں کیلئے پالی ٹیکنک بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔