خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے اہم فیصلے

حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں خواتین کومکمل تحفظ فراہم کرنے اور خواتین کو ہراساں کرنے و چھیڑ چھاڑ کرنے جیسے واقعات پر سخت ترین کارروائی کیلئے چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو کی صدارت میں اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس سکریٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ اختتام اجلاس سے قبل چیف منسٹر نے بعض اہم فیصلے کرتے ہوئے ان فیصلوں پر من و عن عمل آوری کرنے کا اعلان کیا ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ اور کہا کہ چیف منسٹر نے خواتین کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے جن اقدامات کا اعلان کیا ان میں ریاست میں ویمن پولیس شعبہ کو مستحکم بنانے کیلئے فی الفور خاتون پولیس کانسٹیبلس کی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میںلانے اعلامیہ کی اجرائی فحش ویب سائیٹس کی فوری روک تھام، پولیس اسٹیشن میں مہیلا ہیلپ لائنس کی کارکردگی میں بہترین پیدا کرنے لڑکیوں و خواتین کو چھیڑ چھاڑ کرنے کا انسداد کرنے خصوصی قوانین مرتب کرنے، ٹریفک اژدھام کے مقامات پر سی سی کیمروں کے ذریعہ لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے افراد پر کڑی نظر رکھنے، خواتین کے تحفظ کیلئے 181 نمبرپر 24 گھنٹے کارکرد رہنے والے ہیلپ ڈسک کا قیام عمل میں لانا، آر ٹی سی و دیگر بسوں میں بھی خواتین کی نشستوں کے پیچھے جالیںا نصب کرنے ،لڑکیوں کو حفاظت خود اختیاری کی موثر تربیت دینے Self Defence ہر ضلع میں خواتین کی جانب سے دی جانے والی شکایتوں پر فوری کارروائی کیلئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رتبہ کی حامل خاتون پولیس عہدیداروں کو تعینات کرنے (تقرر عمل میں لانے) کے علاوہ خواتین سے متعلق کیسس کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنانے پر ضلع میں فاسٹ ٹریفک کورٹس کا قیام عمل میں لانا شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ اس اجلاس میں چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما ، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ریاست تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما، کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی مسٹر مہیندر ریڈی، اسپیشل ہوم سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر سومیا مشرا، اڈیشنل کمشنر کرائمس سواتی لکرا اور ڈپٹی کمشنر پولیس ملکاجگیری شریمتی رما راجیشوری و دیگر اعلی عہدیدار شریک تھے۔