خواتین کو با اختیار بنانے کو ترجیح ‘ مہیندر ریڈی

حیدرآباد 23 ڈسمبر ( این ایس ایس ) وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے آج کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے خواتین کو با اختیار بنانے کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ امریکن تلگو اسوسی ایشن اور تلگو امریکن اسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ 5 K دوڑ کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ملا ریڈی و دوسرے بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ خواتین میں شعور بیدار کرنے سے سماج میں ترقی ہوسکتی ہے اور تلنگانہ کی ترقی میں غیر مقیم ہندوستانیوں کو بھی اہم رول نبھانے کی ضرورت ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے سماجی ترقی کیلئے اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تعلیم ‘ ملازمتوں اور تجارت میں خواتین کی مکمل مدد کی جا رہی ہے اور شی ٹیمس کے ذریعہ انہیں مکمل سکیوریٹی بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کے تمام شعبہ جات میں خواتین کو نمائندگی دینے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ جملہ آبادی کا 50 فیصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے گلوبل انٹرپرینر شپ کانفرنس کے دوران خواتین کو تمام شعبوں میں حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔ انہوں نے امریکہ میں سرگرم تلگو اسوسی ایشنوں پر زور دیا کہ وہ تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کیلئے مدد کریں اور اپن ارول ادا کریں۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ ملا ریڈی نے بھی خطاب کیا جبکہ اہم غیر مقیم ہندوستانیوں نے بھی اس میں شرکت کی ۔