خواتین پر مظالم کے معاملہ میں اترپردیش سرفہرست

نئی دہلی ۔ 31 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حکومت نے آج بتایا کہ خواتین کے خلاف مظالم بشمول گھریلو تشدد اور عصمت ریزی کے 9,700 کیسیس جاریہ سال یکم اپریل سے اب تک درج کئے گئے ہیں جس میں اترپردیش سرفہرست ہے ۔ یہ کیسیس قومی کمیشن برائے خواتین کے پاس جاریہ مالیاتی سال کے دوران درج کروائے گئے ہیں ۔ لوک سبھا میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے وزیر بہبود خواتین و اطفال مینکا گاندھی نے بتایا کہ حقوق خواتین کی پامالی کی وجوہات میں گھریلو تشدد ، خواتین کے ساتھ دست درازی ، جہیز کے لیے ہراسانی ، جائیداد کا تنازعہ اور عصمت ریزی شامل ہے ۔ ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے موصولہ اعداد و شمار کے مطابق حقوق خواتین کی خلاف ورزی کے معاملہ میں اترپردیش سرفہرست ہے ۔