حیدرآباد۔ یکم اکٹوبر، ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے تارک راما راؤ نے خواتین کے خلاف مظالم و تشدد کے انسداد کیلئے مَردوں کے رویہ اور ذہنیت میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ محض سخت قوانین کی موجودگی اس لعنت کے خاتمہ کیلئے کافی نہیں ہے۔ آئی ٹی راہداری میں واقع سافٹ ویر کمپنیوں میں کام کرنے والی خاتون ملازمین کیلئے تمام خواتین کے عملے پر مشتمل پہلے خاتون پولیس اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد سوسائٹی برائے سائبرآباد سیکورٹی کونسل ( ایس سی ایس سی) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تارک راما راؤ نے کہا کہ سب سے بڑھ کر حقیقت میں اگر کسی چیز کی ضرورت ہے تو وہ یہ ہے کہ خواتین کے تئیں مَردوں کے رویہ میں تبدیلی لائی جائے۔ مسٹر تارک راما راؤ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے فرزند ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ’’ پولیس چوکسی بہتر ہے تیز رفتار تحقیقات بھی ٹھیک ہیں۔ فاسٹ ٹریک عدالتیں بھی اچھی ہیں لیکن یہ بڑی بدبختی کی بات ہے کہ آپ غور کریںکہ نربھئے جیسے سخت ترین قوانین کے باوجود ہمارے سماج میں خواتین کے خلاف تشدد ، دست درازی اور عصمت ریزی کے واقعات میں کوئی کمی نہیں ہوئی ہے جس سے ہمارے معاشرہ کی افسوسناک صورتحال کی جھلک ملتی
ہے۔‘‘ تارک راما راؤ نے گچی باؤلی آئی ٹی کاریڈور پولیس اسٹیشن کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے کی گئی تقریر کی ستائش کی اور کہا کہ’’ میں وزیر اعظم کی تقریر کی ستائش کرتاہوں، ہمیں درحقیقت اپنے بچوں بالخصوص لڑکوں کو خواتین کے احترام کا درس دینے کی ضرورت ہے اور ان کے ساتھ احترام اور وقار کے ساتھ پیش آنے کی ضرورت ہے۔‘‘ تارک راما راؤ نے تلنگانہ پولیس فورس میں خواتین کو 33فیصد تحفظات دینے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس مسئلہ پر سرگرمی سے کام کررہے ہیں اور ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے پولیس پر زور دیا کہ وہ سوشیل میڈیا پر اپنے وجود کو بہتر بنائیں۔انہوں نے اسمارٹ فون اپلیکیشن ’ فائیٹ بیاک‘ کا افتتاح کیا جو کسی ناگہانی صورتحال میں خواتین کی مدد کیلئے ٹیک مہیندرا کی طرف سے تیار کیا گیا ہے۔
ٹیک مہیندرا کے ایک نمائندہ نے اس موقع پر بتایا کہ اس اپلکیشن سے استعمال کنندہ خواتین جب کبھی خود کو غیر محفوظ محسوس کریں ایک مخصوص بٹن دبا سکتی ہیں جس سے کم سے کم پانچ افراد تک کو فی الفور اطلاع پہنچ سکتی ہے۔
اس اپلیکیشن کا مفت ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل پولیس انوراگ شرما اور سائبرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے بھی مخاطب کیا۔