پٹنہ ۔28 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سرخیوں میں رہے مظفر پور گرلس شیلٹر ہوم جنسی زیادتی معاملے میں وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی کے استعفیٰ ، سبھی شیلٹر ہوم کی مرکزی جانچ ایجنسی ( سی بی آئی ) سے جانچ اور اس سے جڑے معلاملات کو میڈیا میں اشاعت پر روک کی ہدایت کو فوری طور سے رد کرنے کی مانگ کو لیکر بائیں بازو کی جماعتوں نے انسانی زنجیر کا انعقاد کیا ۔ جس میں آر جے ڈی سمیت سبھی اہم اپوزیشن جماعتوں کی حمایت رہی۔بائیں بازو کی جماعتوں کی اپیل پر منعقد انسانی زنجیر کو راشٹریہ جنتادل ( آرے جے ڈی ) سماج وادی پارٹی ، ہندوستانی عوام مورچہ ( ہم ) نے بھی اپنی حمایت دی۔ ریاست کے سبھی اضلاع میں لوگوں نے دو پہر 12بجے سے ایک بجے تک قطار بند ہو کر عصمت دری کی ثقافت کے خلاف آواز اٹھائی اورا س پر فوری روک لگانے کی مانگ کی گئی ۔ پٹنہ میں منعقدانسانی زنجیر میں بھاکپا ۔ مالے کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹہ چاریہ ، ریاستی سکریٹری کنال ، بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی ( سی پی آئی ) کے ریاستی سکریٹری ستیہ نارائن سنگھ ، مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے ریاستی سکریٹری اودھیش کمار ، فار ورڈ بلاک کے جنرل سکریٹری اشوک کمار سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے اہم لیڈران شامل ہوئے ۔انسانی زنجیر میں کھڑے لوگ مختلف مطالبات سے متعلق تختیاں ہاتھ میں لئے ہوئے تھے ۔