خواتین و بچوں کیخلاف جرائم میں اضافہ تشویشناک

انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ضروری، آئی پی ایس پروبیشنرس سے وزیراعظم کا خطاب
نئی دہلی ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے بڑھتے واقعات کے درمیان وزیراعظم منموہن سنگھ نے اس تشویشناک رجحان پر فکرمندی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل کی ٹریننگ سے نئے پولیس عہدیداروں کو اس مسئلہ سے بہتر طور پر نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نوجوان آئی پی ایس آفیسرس کو انسانی حقوق کی پامالی کے رجحان پر قابو پانے کے تعلق سے متوجہ کیا اور پولیس ٹریننگ میں انسانی حقوق کے تحفظ کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ کل یہاں آئی پی ایس پروبیشنرس کے گروپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ شہری علاقوں میں وسعت شاید ناگزیر ہوچلی ہے اور ماباقی دنیا کے تجربے کو دیکھتے ہوئے ہندوستان کو تسلیم کرنا پڑے گا کہ وقت آگے نکل چکا ہے، لوگ دیہاتوں کو چھوڑ کر شہروں کو منتقل ہورہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر اس رجحان سے مناسب ڈھنگ سے نمٹا نہیں گیا تو یہ ہمارے ملک میں کشیدگی اور گڑبڑ کی وجہ بن سکتا ہے۔ لہٰذا ہمارے پولیس عہدیداروں کیلئے ضروری ہیکہ شہری وسعت کے عمل کی باریکیوں کو اچھی طرح سمجھیں۔ اس سے یہ ہوتا ہیکہ پولیس فورسیس پر لاء اینڈ آرڈر اور بھائی چارگی کی برقراری کیلئے دباؤ بڑھ جاتا ہے، قیام امن کو یقینی بنانے کا بھی دباؤ بڑھ جاتا ہے اور پولیس کو شہری علاقوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے معاملوں سے نمٹنے میں اچھی طرح لیس کرنا ضروری ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہری علاقوں میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کا رجحان بڑھتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کا مسئلہ آئی پی ایس ٹرینیز کے کورس مٹیریل میں نمایاں طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔ انسانی حقوق کے تحفظ کا تذکرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ یہ ایسا شعبہ ہے جس میں عالمی سطح پر تشویش بڑھتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی شہری وسعت کے علاوہ ملک کے معیشت اور نظام سیاست میں درپیش مسائل بھی ہمارے لئے چیلنجس ہیں۔