حیدرآباد 5 جنوری ( پی ٹی آئی ) تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو نے آج یہاں کہا کہ اگر ان کی پارٹی 2014 کے اسمبلی انتخابات میں برسر اقتدار آتی ہے تو اس صورت میں خواتین کے خود امدادی گروپوں کی جانب سے لئے گئے قرض معاف کردیئے جائیں گے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے خواتین کے نام آج اپنے کھلے مکتوب میں کہا کہ تلگودیشم پارٹی خواتین کے خود امدادی گروپوں کو مزید قرض فراہم کرے گی اور ان گروپوں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کی کوششوں میں مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی ہر گاوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرے گی اور ہر گھر میں بیت الخلاء کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا۔ مسٹر نائیڈو نے دعوی کیا کہ خواتین کے تحفظ و سلامتی کی وہ خاص ذمہ داری لیں گے اور اقتدار پرآنے کے بعد خواتین کا خصوصی پولیس نظام نافذ کیا جائے گا ۔
انسپکٹر جنرل سطح کی ایک خاتون کو ریاستی سطح پر مقرر کیا جائے گا ضلعی سطح پر ایک ایڈیشنل خاتون سپرنٹنڈنٹ تعیناتی کی جائیں گی ۔ علاوہ ازیں ڈیویژن سطح پر خاتون سرکل انسپکٹرس تعینات کی جائیں گی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ شراب کی تمام غیر قانونی دکانات بند کردیں گے جو دیہاتوں میں غریب خاندانوں کیلئے ایک بد ترین لعنت بن گئے ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی کی حکومت گیس سلینڈر کی قیمتوں میں کمی کرے گی اور آدھار کارڈ کے بغیر سالانہ 10 سیلنڈرس کی سربراہی کو یقینی بنائے گی ۔