بھوپال ۔ 20 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) راہول گاندھی نے آج خواتین کے تحفظ بل کی عاجلانہ منظوری کیلئے پرزور حمایت کی اور عزم کیا کہ قائدانہ عہدوں پر ’’ممکنہ طورپر زیادہ سے زیادہ ‘‘ خواتین کو فائز کرنے کی سمت کام کریں گے ، اور یاد دہانی کرائی کہ اُن کی دادی اندراگاندھی ، گاندھی گھرانے میں ’’باس‘‘ ہوا کرتی تھیں ۔ نائب صدر کانگریس نے خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع کو اُٹھاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اس ملک کی 50 فیصد آبادی کو بااختیار بنائے بغیر سوپر پاور نہیں بن سکتا ہے۔ ’’خواتین کو بااختیار بنانا بڑی جدوجہد کا متقاضی ہے جس کے لئے ہمیں جدوجہد کرتے ہوئے جیت حاصل کرنی ہوگی ‘‘۔
انھوں نے یہ بات کہی اور اعتماد ظاہر کیا کہ نہ صرف مقننہ جات میں خواتین کے لئے 33 فیصد کوٹہ کی فراہمی کرنے والا بل منظور کیا جائے گا بلکہ اگلے پانچ تا دس سال میں لگ بھگ نصف کانگریس وزراء خواتین ہوں گی ۔ راہول ملک بھر سے آئی 250 خواتین کے ساتھ گفتگو کررہے تھے جو کانگریس کی اپنے 2014 ء لوک سبھا انتخابی منشور کے لئے تمام متعلقین سے راست اُن کی رائے حاصل کرنے سے متعلق کانگریس کی مساعی کا حصہ ہے ۔ ’’میں آپ تمام سے کہنا چاہتا ہوں کہ میرے مکان میں پاپا ( راجیو گاندھی ) تھے ، انکل ( سنجے گاندھی ) تھے لیکن گھر کی باس میری دادی تھیں ۔ اس تعلق سے کوئی شبہ کی گنجائش نہیں ۔ دادی ہی گھر کی کرتا دھرتا تھیں‘‘ راہول نے زیرلب مسکراہٹ کے ساتھ یہ ریمارک کیا۔