خواتین تحفظات مسودہ قانون پر مباحث کی صورت میں اپوزیشن کا انتشاربے نقاب :این ڈی اے

نئی دہلی ۔ /17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کا خیال ہے کہ اپوزیشن کا انتشار آئندہ مانسون اجلاس میں خواتین تحفظات بل پر مباحث کی صورت میں بے نقاب ہوجائے گا ۔ کیونکہ سماج وادی پارٹی اور آر جے ڈی جیسی پارٹیاں موجودہ صورت میں خواتین تحفظات بل کی منظوری کی مخالفت کرچکی ہیں ۔ این ڈی اے پارٹیوں کے اجلاس میں بی جے پی کی ایک حلیف نے کہا کہ کئی ارکان پارلیمنٹ خاص طور پر جن کا تعلق پسماندہ طبقات اور دیگر محروم ذاتوں سے ہے اس بل کی مخالفت کررہی ہیں کیونکہ اس قانون کے ذریعہ ان برادریوں کیلئے مختص نشستوں میں سے چند نشستیں خواتین کو دیدی جائیں گی ۔ بی جے پی کی بعض حلیف پارٹیاں جیسے ایل جے پی بھی اس بل کے بارے میں اسی قسم کا موقف رکھتی ہیں ۔ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور اننت کمار نے کہا کہ وزیراعظم مودی اس تجویز سے اتفاق کرچکے ہیں کہ رسمی طور پر اس بل کو منظوری کیلئے ایوان پیش کیا جائے گا ۔ مختلف حلیف پارٹیوں کے قائدین کے بموجب وزیراعظم نے اپنا گزشتہ انتخابات کا وعدہ پور ا کردکھایا ہے ۔