خواتین بااخلاق بچے پیدا کریں یا بانجھ رہیں:بی جے پی ایم ایل اے

نئی دہلی ۔ /17 جون (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے بی جے پی رکن اسمبلی نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ صرف بااخلاق (سنسکاری) بچے پیدا کریں ورنہ بانجھ رہ جائیں ۔ سماج کو خراب کرنے والے بچے پیدا کرنے کے بجائے عورتوں کا بانجھ رہنا ہی اچھا ہے ۔ گونا کے رکن اسمبلی پنا لال شکھیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کانگریس غریبی ہٹاؤں کے نعرے سے آگے آئی لیکن اس نے غریبوں کا ہی صفایا کردیا ۔ یہ خواتین ہی ہیں جنہوں نے ایسے لیڈرس پیدا کئے لہذا خواتین کو یا تو سنسکاری بچے پیدا کرنا ہوگا یا پھر انہیں بانجھ رہنا ہوگا ۔ یہ پہلا موقعہ نہیں کہ مذکورہ رکن اسمبلی نے متنازعہ ریمارک نہیں کئے ہوں ۔ اس سے پہلے بھی انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا تھا کہ وہ گرل فرینڈس بنانے کا مغربی کلچر ختم کردیں ۔ شکھیا نے کہا کہ حال ہی میں ایک صحافی نے مجھ سے سوال کیا تھا کہ مدھیہ پردیش میں خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ کیوں ہورہا ہے تو میرا جواب یہ ہے کہ آخر لڑکیاں بوائے فرینڈ کیوں بنارہی ہیں ۔ جب بوائے فرینڈ نہیں ہوگا تو ہراسانی بھی نہیں ہوگی۔