ہزاروں خواہشیں ایسی … کے مصداق قیمتی جیولری ، اعلیٰ ملبوسات اور خوبصورت دکھائی دینا بھی خواتین کے خوابوں میں شامل ہوتا ہے۔ اگر آپ نے بھی اپنی آنکھوں میں کچھ ایسے ہی خواب سجا رکھے ہیں تو اس میں کوئی برائی نہیں ، بس ہونا یہ چاہئے کہ آپ کی نیت نیک ہو اور آپ جائز طور سے اپنے خوابوں اور اپنی خواہشات کو تکمیل تک پہنچانا چاہتی ہوں۔
اس لئے اگر کوئی عورت سال بھر میں ایک لاکھ روپئے کی بچت کرنا چاہتی ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ دولت کی حرص رکھتی ہے ، بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنے مستقبل کو محفوظ رکھنے کی خواہش مند ہے ۔ یا اگر کوئی خاتون اپنا وزن کم کرنے کی خواہشمند ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ کسی ہیروئین یا ماڈل کی نقالی میں ایسا کرنا چاہتی ہے بلکہ وہ دراصل صحت مند اور پُرکشش بننا چاہتی ہے ۔لہٰذا کسی کے خوابوں پر اس کا مذاق اُڑانا یا اپنے خوابوں پر شرمندگی محسوس کرنا ٹھیک نہیں۔ بلکہ ان خوابوں کا درست مقصد سامنے رکھتے ہوئے انھیں تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں ، کیونکہ کسی خواب کی تکمیل میں دراصل آپ کا جذبہ ہی سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے ۔ ماہرین نفسیات کا کہنا ہے اصل مقصد سامنے ہو اور آپ کے جذبوں میں سچائی ہو تو آپ کا ذہن مطمئن ہوکر اس مقصد کو پورا کرنے میں جُت جاتا ہے ۔ اس طرح آپ کا دل تو خوش اور اطمینان سے لبریز رہتا ہی ہے لیکن کوئی کام پورا کرنا بھی اس قدر آسان ہوجاتا ہے کہ آپ کو احساس بھی نہیں ہوپاتا اور منزل سامنے آجاتی ہے ۔