خلیج کی جیلوں میں بند خواتین کو بچانے مرکز سے مداخلت کی درخواست

آندھرا پردیش کے وزیر این آر آئی امور رگھوناتھ ریڈی کا وزیر خارجہ کو مکتوب
وجئے واڑہ ۔ 2 ۔ مئی : ( پی ٹی آئی ) : حکومت آندھرا پردیش نے آج مرکز سے درخواست کی کہ بعض خلیجی ممالک کی جیلوں میں مقید ریاست کی خواتین کو بچانے کے لیے مداخلت کی جائے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج کو ارسال کردہ ایک مکتوب میں اے پی کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی اور این آر آئی امور پی رگھوناتھ ریڈی نے کہا کہ اے پی کی کئی خواتین بروکرس کے قریب کا شکار ہوئی ہیں جنہوں نے انہیں خلیج میں جابس کا جھانسا دیا تھا ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ خواتین کو سعودی عرب میں 4 لاکھ روپئے کے لیے فروخت کیا جارہا ہے اور بحرین ، یو اے ای اور کویت میں ایک تا دو لاکھ روپئے میں ۔ عربوں کی ہراسانی کو برداشت نہ کرتے ہوئے کئی خواتین ان کے شکنجوں سے فرار ہوگئی ہیں ۔ عرب ان مفرور خواتین کے خلاف کیس دائر کررہے ہیں اور انہیں جیل بھیج رہے ہیں ۔ انہیں طویل مدت کے لیے جیل میں رکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے تقریبا 25 متاثرہ خواتین کو جیل بھیجا ہے ۔ وزیر موصوف نے یہ بات بتائی اور دعویٰ کیا کہ نئی دہلی میں ایمبیسی کے عہدیدار بروکرس کے خلاف ان کے رابط نمبرس رکھنے اور ان کا اتہ پتہ معلوم ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں ۔ متاثرہ خواتین ان کے ارکان خاندان کو کال کرنے کے بھی موقف میں نہیں ہیں ۔ وزیر موصوف نے اپنے مکتوب میں وزیر خارجہ سے کہا کہ ’ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ اس سلسلہ میں اپنے عہدہ اور اثر رسوخ کا استعمال کریں اور خلیجی ممالک میں ہندوستانی سفارتخانوں کے عہدیداروں کو اس سلسلہ میں ضروری ہدایات دیں اور متاثرہ خواتین کے لیے درکار مدد فراہم کریں ۔ انہیں جلد ان کے مقامات کو واپس لانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں اور انہیں مفت سفر اور ویزا ڈاکو منٹس فراہم کئے جائیں ‘ ۔۔