وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی دہلی میںوزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات
حیدرآباد۔/29جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج نئی دہلی میں وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے گلف میں مقیم باشندوں کے مسائل پر بات چیت کی۔ انہوں نے غیر مقیم ہندوستانیوں کے مسائل کے علاوہ خلیجی ممالک سے ملازمت ترک کرکے وطن واپس ہونے والوں کی باز آبادکاری جیسے اُمور پر سشما سوراج کی توجہ مبذول کرائی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ خلیجی ممالک میں روزگار سے محروم افراد کے مسائل سے واقف کیا گیا اور مرکزی حکومت سے تعاون کی خواہش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہات کے سبب خلیجی ممالک کی جیلوں میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد محروس ہیں انہیں انصاف دلانے کیلئے مرکز کو مداخلت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک میں مقیم افراد اور وہاں جانے والے افراد کی تفصیلات حاصل کرنے مرکزی حکومت غور کررہی ہے تاکہ مسائل کی یکسوئی میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے تعاون سے تلنگانہ حکومت تفصیلات اکٹھا کرے گی۔ انہوں نے سشما سوراج سے خواہش کی کہ خلیجی ممالک میں واقع ہندوستانی سفارتخانوں اور کونسلیٹس میں تلگو جاننے والے عہدیداروں کو تعینات کیا جائے تاکہ تلگو عوام کو سہولت ہو۔ انہوں نے لیبیا میں اغوا کئے گئے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بلرام کشن کی رہائی کیلئے مرکز سے اقدامات کی درخواست کی۔ دھوکہ باز اور نقلی ایجنٹس کے خلاف کارروائی پر زور دیا گیا کیونکہ اکثر و بیشتر بھولے بھالے عوام دھوکہ دہی کا شکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے خلیجی ممالک میں روزگارکیلئے جانے والے افراد کو سرکاری ادارہ کے ذریعہ روانہ کرنے کی تجویز پیش کی۔ کے ٹی آر نے ایمسیٹ کے پرچہ کے افشاء معاملہ میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں طلباء کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں حکومت طلباء کے ساتھ مناسب انصاف کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کے مسئلہ پر بی جے پی کو اپنے موقف کی وضاحت کرنی چاہیئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ نشستوں میں اضافہ کیلئے درکار قانون سازی سے مرکزی حکومت کیوں گریز کررہی ہے جبکہ پارلیمنٹ میں اسے اکثریت حاصل ہے۔ کے ٹی راما راؤ ان دنوں دہلی کے دورہ پر ہیں اور انہوں نے مختلف مرکزی وزراء سے ملاقات کرکے ریاست کو درپیش مسائل پر نمائندگی کی۔