خلیج سانفرانسسکو کی فضاء میں دو امریکی طیاروں کا تصادم

سانفرانسسکو 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )خلیج سانفرانسسکو کی فضاء میں دو چھوٹے طیاروں کا تصادم ہوا ۔ جس کی وجہ سے ایک پائلٹ لاپتہ ہوگیا اور صرف ایک طیارہ بحفاظت لینڈنگ میںکامیاب ہوا ۔ امریکی ساحلی محافظین کے ترجمان لومانیہ اسٹیورٹ نے کہا کہ سمندر میں ملبہ اور نعشیں تلاش کی جارہی ہیں کیونکہ کل دوپہر کے تصادم کے بعد پانی کی سطح پر کچھ ملبہ نظر آیا تھا ۔ وفاقی شہری ہوا بازی انتظامیہ کے ترجمان ایان گریگر نے کہا کہ ایک سسنا 210 اور ایک ہاکر سی فیوری آئی کے 20 کا فضاء میں تصادم ہوا تھا ہر طیارہ میں ایک شخص سوار تھا گریگر نے کہا کہ سسنا سمندر میں گر گیا اور ہاکر کا پائلٹ ایک چھوٹے سے ایر پورٹ پر بحفاظت اترنے میں کامیاب ہوگیا ۔ مبینہ طور پر یہ پائلٹ زخمی بھی نہیں ہے ۔ امریکہ میں خانگی طیاروں کو بھی پرواز کے لائنسس دیئے جاتے ہیں۔