تہران ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر حسن روحانی نے اپنے ملک پر امریکی پابندیوں کیخلاف آج انتہائی سخت اور باغیانہ موقف اختیار کرتے ہوئے خلیج نے تیل کی بین الاقوامی فروخت میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کرنے کی دھمکی کی تجدید کی۔ روحانی نے صبہ سمنان میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’امریکہ کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ ایران تیل کی برآمدات روکنے کی اہلیت وصلاحیت نہیں رکھتا‘‘۔ حسن روحانی نے اپنے اس خطاب میں جسکا راست ٹیلی کاسٹ بھی کیا گیا، مزید کہاکہ ’’کوئی اگر ایسا کرنا بھی چاہتا ہے تو… خلیج فارس سے کوئی تیل ہی برآمد نہیں کیا جائے گا‘‘۔ 1980ء کی دہائی سے ایران مسلسل یہ دھمکی دیتا رہا ہیکہ بین الاقوامی دباؤ کی صورت میں وہ خلیجی راہداری کو بند کردیگا۔ تاہم اس نے کبھی بھی اس دھمکی پر عمل آوری نہیں کی۔ امریکہ نے ایران اور دنیا کی چھ بڑی طاقتوں کے درمیان 2015ء میں طئے شدہ تاریخی نیوکلیئر سمجھوتہ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے ایران پر دوبارہ تحدیدات عائد کردہ جن میں تیل کی برآمدات پر پابندی بھی شامل ہے۔