جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست و دیگر شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد /29 جنوری ( پریس نوٹ ) برائی مٹاو مہم کا آغاز یکم تا 8 فروری سے ہوگا ۔ جس میں اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ معاشرے میں پھیلی ہوئی برائیوں کا سدباب کیا جائے اور اُس کے مضر اثرات جو سماج و معاشرے پر پڑھ رہے ہیں ان سے عامتہ المسلمین کو واقف کروایا جائے ۔ جیسے مال حرام ، سود خوری ، شراب ، جوا ، عریانیت ، فحاشی ، بے حیائی ، تقسیم وارثت میں زیادتیاں وغیرہ ان بیماریوں نے معاشرے کو شدید بحرانی کیفیت سے دوچار کردیا ہے ۔ ایسے میں ملت اسلامیہ کی کوشش ہونی چاہئے کہ اس کا سدباب کیا جائے ۔ اس مقصد کیلئے برائی مٹاؤ مہم منعقد کی جارہی ہے ۔ اس مہم کا افتتاحی کل جماعتی اجلاس یکم فروری بروز اتوار کو بعد نماز مغرب خلوت گراؤنڈ پر منعقد ہوگا ۔ پروگرام کی صدارت مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم نظامی کریں گے ۔ اس اجلاس سے جناب خواجہ عارف الدین امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ آندھراپردیش و اڑیسہ ،مولانا عبدالرحیم مکی امیر صوبائی جمیعت اہل حدیث، الحاج نواب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، مولانا سید شاہ غلام صمدانی علی قادری معتمد انجمن قادریہ ، سید شاہ طارق قادری جنرل سکریٹری صوفی اکیڈیمی ، مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری صدر سنی علماء بورڈ ، جناب اقبال احمد انجینئیر ، مفتی تنظیم عالم قاسمی ، مولانا محمد حسام الدین ثانی عامل ( جعفر پاشاہ ) امیر امارت ملت اسلامیہ ، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالمجید نظامی اور علمائے کرام و دانشور حضرات خطاب کریں گے ۔