خلوت میدان پھر پارکنگ کے میدان میں تبدیل

میلاد میدان کے استعمال سے مقامی عوام کو تکالیف ، کھیل کود کے لیے نوجوانوں کو بھی مایوسی
حیدرآباد۔19جون(سیاست نیوز) خلوت میدان ایک مرتبہ پھر پارکنگ کے میدان میں تبدیل ہوچکا ہے اور اطراف کے بازاروں کے علاوہ خلوت پیالس کو پہنچنے والی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے میلاد میدان کا استعمال کئے جانے کے سبب مقامی عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہاہے اور نوجوانوں کے لئے اس علاقہ میں جو میدان موجود ہے اس میں بھی پارکنگ سے ان کی کھیل کود کی سرگرمیاں متاثر ہونے لگی ہیں۔خلوت میدان میں پارکنگ کیلئے استعمال کئے جانے کئے جانے کے سبب صبح چہل قدمی کیلئے پہنچنے والوں کے علاوہ دن کے اوقات میں کھیل کود کیلئے آنے والے نوجوانو ں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گذشتہ برس خلوت میدان کو پارکنگ کے مقام میں تبدیل کرنے کی کوشش کے خلاف مقامی باشندوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی مئیر اور مقامی کارپوریٹر کے علاوہ محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں سے شکایات کرتے ہوئے اس سلسلہ کو برخواست کروایا تھا لیکن ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل سے ہی دوبارہ خلوت میدان میں پارکنگ کا عمل شروع کیا گیا اور میدان میں کی جانے والی پارکنگ کا یہ سلسلہ ماہ رمضان المبارک کے دوران جاری رہا لیکن مقامی سرکردہ افراد نے ماہ رمضان المبارک کی تجارت اور عوامی سہولت کے پیش نظر میدان میں کی جانے والی پارکنگ پر خاموشی اختیار کی ہوئی تھی لیکن اب عید الفطر کے بعد بھی خلوت میدان میں پارکنگ کا سلسلہ برقرار رہنے سے نوجوانوں اور مقامی مکینوں کو جو چہل قدمی کیلئے پہنچتے ہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ سیاحوں کی گاڑیوں کے علاوہ تجارتی داروں کی پارکنگ کے لئے خلوت میدان کا استعمال کیا جا رہاہے۔